گل شبو

گل شبو کی تجارتی کاشت کو فروغ دیا جائے ، زرعی ماہرین

راولپنڈی (عکس آن لائن) زرعی ماہرین نے گل شبو (ٹیوب روز ) کی تجارتی سطح پر کاشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گل شبو پنجاب کے موسمی حالات سے مکمل مطابقت رکھتا ہے اور صوبہ بھر میں اس کی کامیاب کاشت کی جا سکتی ہے ۔

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ گل شبو ( ٹیوب روز ) ایک خوشبودار پھول ہے جس کو پنجاب کے موسمی حالات میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے۔ ٹیوب روز کی ایک دفعہ بوائی کے بعد 3 سال تک اس سے پھول لیے جاسکتے ہیں۔پنجاب میں اس کے زیر کاشت رقبہ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ ٹیوب روز کو تجارتی سطح پر کھیتوں میں بطور کٹ فلاور اور تیل کی کشید کیلئے کاشت کیا جاسکتا ہے۔ اس کا تیل کئی قسم کے قیمتی کیمیائی مرکبات سے بھرپور ہے۔ ٹیوب روز کی سنگل اور ڈبل دو اقسام ہوتی ہیں۔ اس کا وقت کاشت مارچ کے آخر تک ہے۔

ٹیوب روز کی افزائش بذریعہ ٹیوبر کی جاتی ہے۔ ایک ایکڑ کیلئے 25 سے 30 من ٹیوبرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹیوبرز کا سائز 3سے 4سینٹی میٹر ہونا چاہیے اور اس کا بیج زمین میں کم از کم 4سینٹی میٹر گہرائی میں لگائیں۔ اچھے نکاس والی زرخیز میرا زمین زیادہ موزوں ہے۔ موسم گرما میں اس کو زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے ۔اپریل سے جون کے دوران ایک ہفتہ کے وقفہ سے آبپاشی کریں۔ اگر کھیت میں نمی زیادہ ہو تو تو ٹیوبرز گلنا شروع ہوجاتے ہیں اس لیے جب فصل کو پانی کی ضرورت اس وقت آبپاشی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں