سید امین الحق

گلگت بلتستان کے عوام کو ڈیجیٹل دینا سے منسلک کرکے ان کی صلاحیتیں دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، سید امین

اسلام آباد(عکس آن لائن)وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں خصوصا نوجوان لڑکے اور لڑکیوں میں صلاحیتوں اور اور قابلیت کی کمی نہیں اس لیئے خواہش ہے کہ اس خوبصورت خطے کے لوگوں کی صلاحیتیں عالمی سطح پر روشناس ہوں اس مقصد کیلئے ڈیجیٹلائزیشن عمل کو تیز کرنے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے،گلگت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اس کی ایک روشن مثال ہے۔

انھوں نے یہ بات جمعہ کو اپنے دفتر میں گلگت بلتستان کے وزیر ا?ئی ٹی حسین شاہ اور وزیر سیاحت و کھیل راجہ ناصر علی خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان میں موبائل و براڈ بینڈ اورسیاحتی مقامات پر فور جی سروسز اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔سید امین الحق نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تیز ترین انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، اس مقصد کیلئے پہلے سے نصب ٹو جی ٹاورز کی تھری و فورجی میں منتقلی اہم اقدام تھا اب دور دراز کے علاقوں تک سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیئے جارہے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کے فروغ کے ویڑن کے تحت گلگت بلتستان میں اہم سیاحتی مقامات پر ہنگامی بنیادوں پر فور جی سروسز کی فراہمی کیلئے منصوبے شروع کیئے گئے ہیں

جن کی تکمیل سے سیاحوں اور مقامی آبادی کو بے پناہ سہولیات و آسانیاں فراہم ہوں گی،سید امین الحق نے گلگت بلتستان کے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ خاطر جمع رکھیں ان کی وزارت سے متعلق جو امور اور سہولیات ممکن ہیں اس کے ثمرات ان تک ضرور پہنچائے جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے وزیر آئی ٹی حسین شاہ نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے علاقے کے لوگوں کی صلاحیتوں کا دنیا کو پتہ چل رہا ہے یقینا اس میں اہم کردار آئی ٹی و ٹیلی کام کی ان سہولیات کا ہے جو وفاقی وزارت آئی ٹی کے تحت اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور وزارت کی جانب سے براہ راست معاونت کی صورت میں مل رہا ہے۔

وزیر سیاحت و کھیل راجہ ناصر علی خان نے اس موقع پر کہا کہ اسکردو، گلگت اور بلتستان کے بے شمار ایسے مقامات ہیں جنھیں جنت نظیر کہا جاتا ہے لیکن نیٹ ورکنگ اور موبائل کنکٹیویٹی کے فقدان کی وجہ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم وفاقی وزارت آئی ٹی خصوصا سید امین الحق کی خصوصی دلچسپی نے اب اس مسئلے کو حل کرنے کی امید پیدا کردی ہے۔ وزرا کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی رہنمائی میں گلگت بلتستان کو بھی ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا عزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں