ٹیلی کام

گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ کی آمدن 552 ارب روپے تک پہنچ گئی

اسلام آباد(عکس آن لائن)گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ کی آمدن 552 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے( کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2018-19ء کے دوران شعبہ کی جانب سے 96 ارب روپے کے ٹیکسز بھی قومی خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں جبکہ دوران سال ٹیلی کام سیکٹر میں 636 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران شعبہ میں 236 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس دوران ٹیلی کام کے شعبہ کی شرح نمو 7 فیصد رہی اور صارفین کی تعداد 163.5 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر کے 77.7 فیصد صارف موبائل فونز سے استفادہ کر رہے ہیں اور پاکستان میں موبائل سائٹس کی تعداد 44 ہزار 919 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2019ء کے دوران براڈ بینڈ نیٹ ورکس سے ڈیٹا کے استعمال میں 113 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹیلی کام کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجیز بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ صارفین کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں