شاخ تراشی

کھجو ر کے باغبانوں کو درختوں کی شاخ تراشی کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کھجور کے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر درختوں کی شاخ تراشی کریں تاکہ پودوں اور پھل کی نشو ونما بہتر انداز میں ہو سکے۔

انہوں نے بتایاکہ کھجور کے پودے اور اس کے پھل کی مناسب انداز میں نشو ونما کیلئے ضروری ہے کہ سال میں کم از کم 2مرتبہ درختوں کی شاخ تراشی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عمل زیر گری کے وقت اور پھل کی کٹائی کے دوران اضافی، غیر ضروری ، خشک شاخوں کی کانٹ چھانٹ اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کانٹ چھانٹ کے عمل سے کھجور کے پھل کو زیادہ روشنی اور مناسب جگہ ملتی ہے جس سے اس کی بڑھوتری بھی زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی اور موٹے سائز کی لذیز کھجوریں حاصل کرنے کیلئے ہر دوسرے پھل کو کاٹ دینا چاہیے اور یہ عمل اس وقت تک جاری رکھنا چاہیے جب تک پھل کا سائز مٹر کے دانے کے برابر نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھجور ہر لحاظ سے انتہائی اکثیر اور منافع بخش پھل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھجور کے بہتر پھل کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی مشورہ کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں