کورونا

کورونا کے بڑھتے کیسز، پاکستان سپر لیگ 6 غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)سیزن 6 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ہے۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز مالکان کی ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں کرکٹ میلے کے چھٹے ایڈیشن کوملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ذرائع کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کووڈ پازیٹو نکلے تھے جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہیں۔پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ میں جمعرات کو لیگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج کر ملکی کھلاڑیوں سے لیگ کروانے کا آپشن بھی زیر بحث آیا جبکہ لاہور کے میچز کراچی شفٹ کرنے پر بھی اتفاق نہ ہوا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا، ایونٹ میں اب تک 14 میچز کھیلے گئے جبکہ 20 میچز باقی تھے جنہیں اب ملتوی کردیا گیا ہے۔پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے پر کرکٹ ایکسپرٹ سکندر بخت نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل افراد نے کورونا پروٹوکولز پر سختیاں نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ ملتوی ہوا ہم سب کا نقصان ہوا، امیج خراب ہو رہا ہے۔ایونٹ ملتوی ہونے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی حسن علی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ہمارے پی ایس ایل کو کسی کی نظر لگ گئی۔ اس سے پہلے کراچی کنگز کے آل رائونڈر ڈین کرسٹین نے پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ سپر لیگ 6 کے اب تک 14 میچ ہو چکے ہیں۔ گذشتہ برس ہونے والا سپر لیگ ایڈیشن بھی کورونا کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں