کرونا وائرس

کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، روحیل نذیر، نسیم شاہ اور دانش عزیز ، عابد علی اور محمد عباس شامل

اسلام آباد (عکس آن لائن)دورہ نیوزی لینڈ پر کرونا وائرس سے متاثر قومی کرکٹ ٹیم کے 6 کھلاڑیوں نام سامنے آگئے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ پر کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، روحیل نذیر، نسیم شاہ اور دانش عزیز شامل ہیں۔اس کے علاوہ عابد علی اور محمد عباس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی ٹیم کا غیر ملکی دورہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور نیوزی لینڈ حکام نے پاکستان کو آخری وارننگ جاری کردی ہے۔پاکستان کی ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی ہے جہاں سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہے۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی دستہ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف سمیت 50 سے زائد اراکین پر مشتمل ہے۔نیوزی لینڈ پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ کے ٹیسٹ کیے گئے اور وہاں چھ اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے۔جن 6 کھلاڑیوں کے کیسز مثبت آئے ہیں ان میں سے دو کے کیسز کو پرانا قرار دیا جا رہا ہے اور وہ پہلے سے ہی اس بیماری کا شکار تھے، جبکہ چار اراکین حال ہی میں وائرس کی زد میں آئے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ان چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے اور بقیہ اسکواڈ سے الگ کردیا گیا ہے۔ان اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش تک پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں