صحافی برادری

کورونا وبا کے مشکل حالات میں بھی ہماری صحافی برادری فرنٹ لائن پر موجود ہے،وزیرِ اطلاعات پنجاب

لاہور (عکس آن لائن) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی صحافی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ پاکستانی میڈیا عوام کی مستند معلومات تک رسائی کے حق کی بخوبی حفاظت کر رہا ہے۔ میڈیا کسی بھی ریاست کے کان اور آنکھ کا کردار ادا کرتا ہے۔آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون سمجھتی ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے حکومت میں آتے ہی میڈیا انڈسٹری کے بقایا جات ادا کیے۔

بزدار حکومت نے کورونا وبا کے دوران پیشہ ورانہ رپورٹنگ پر خصوصی میڈیا ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کی مناسبت سے عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں صحافیوں کے ساتھ ظلم کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ کشمیر میں صحافیوں کو بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ دکھانے پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ مسرت زہرہ، گوہر گیلانی اور پیرزادہ عاشق کے خلاف مقدمات بھارتی جمہوریت اور سیکولرزم کے دعووں کی نفی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں