پنجاب یونیورسٹی

کورونا وباء، پنجاب یونیورسٹی کا آن لائن و عمومی امتحانات کا شیڈول جاری

راولپنڈی(عکس آن لائن) پنجاب یونیورسٹی نے کورونا وباء کے پیش نظر آن لائن و عمومی امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔کنٹرولر ایگزامینیشن پنجاب یونیورسٹی کے اعلان کے مطابق یونیورسٹی نے بی اے ،بی ایس سی ،ایم اے ،ایم ایس سی ،بی کام اور ایل ایل بی کے آن لائن اور عمومی امتحانات کے شیڈول کا اجراء کردیا ہے اور طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایم سی کیو طرز کے آن لائن امتحان کے ساتھ ساتھ عمومی امتحانات دونوں کی تیاری کریں ۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی صورتحال کی مناسبت اور حکومتی احکامات کی روشنی میں موڈ آف ایگزام طے کیاجائے گا ۔حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ یونیورسٹی نے فیصلہ کیاہے کہ اگر لاک ڈاؤن میں توسیع کی جاتی ہے اور یونیورسٹیز کو 15جولائی کے بعد بھی کھولنے کی اجازت نہیں مل سکتی تو آن لائن امتحانات لیے جائیں گے ۔

ایسے تمام طلباء جو کسی بھی وجہ سے آن لائن امتحان میں شمولیت اختیار نہ کرسکیں تو وہ ان عمومی امتحانات میں شرکت کرسکیں گے جو کہ حکومتی پالیسی کے مطابق یونیورسٹیز کھلنے کے بعد منعقد ہوں گے ۔یونیورسٹی حکام کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر یونیورسٹی نے آن لائن اور متوقع عمومی امتحانات کا مکمل شیڈول جاری کردیا ہے اور طلباء کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ یہ شیڈول یونیورسٹی ویب سائٹ پر ملاحظہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں