واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث ہارورڈ یونیورسٹی
کے تمام کورسز کا خزاں سمسٹر آن لائن منتقل کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے مضحکہ
خیز قرار دے دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس
میں ایک گول میز کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کے خیال میں آئندہ سمسٹر کی آن لائن منتقلی کا فیصلہ
مضحکہ خیز ہے جو ایک آسان راستہ ہے اور انہیں اپنے اس فیصلے پر خود ہی شرمندگی ہونی چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ آئندہ سمسٹر کے لیے سکول اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھولی جائیں کیونکہ ہر کوئی یہی
چاہتا ہے، ماں، باپ چاہتے ہیں اور بچے چاہتے ہیں اس لیے یہ وقت کر دکھانے کا ہے۔ انہوں نے کہا
کہ ہمیں اپنے سکول کھولنا چاہتے ہیں، ہمیں انہیں موسم خزاں میں فوری اور خوبصورتی سے کھولنا چاہیے۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے اعلان کیا کہ تمام کلاسیں آن لائن لینے والے بین الاقوامی طلبہ کو
ملک میں رہنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جس پر کئی سکول اس پر غور کر رہے ہیں لیکن ہارورڈ یونیورسٹی
سمیت بعض تعلمی اداروں نے آن لائن کلاسیں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔