کورونا وائرس

کورونا وائرس سے پاکستان میں 281 اموات، 13ہزار 328 متاثر

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 281 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے۔

جبکہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا نے 30 لاکھ انسانوں کو لپیٹ میں لے لیاہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 605 کیسز اور12 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔پنجاب میں کورونا کے 5 ہزار446 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 4,615، خیبرپختونخوا 1,864، بلوچستان 781، اسلام آباد 245، آزاد کشمیر 59 اورگلگت بلتستان میں 318 افراد میں وائرس کی تصدیق ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 98 اموات ہوئی ہیں۔

سندھ میں 81، پنجاب میں 83، بلوچستان 13، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے 3,029 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 78 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں اب تک کورونا کے 1 لاکھ 44 ہزار365 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔جبکہ انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 30 لاکھ کے قریب انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 29 لاکھ 95 ہزار انسانوں کو متاثر کر دیا ہے، گزشتہ چار مہینوں سے وائرس کا پھیلاﺅ تیزی سے مسلسل جاری ہے اور 210 ممالک اور مختلف علاقے اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، اعداد و شمار کے ایک عالمی ادارے کے مطابق کرونا سے اموات بڑھ کر 2 لاکھ 6992 ہو چکی ہیں۔کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 8 لاکھ 78 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1 ہزار سے بھی زائد اموات ہوئیں، مجموعی طور پر اب تک 55,413 کرونا مریض مر چکے ہیں، جب کہ 9 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 27 ہزار کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 1 لاکھ 18 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 15 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 22,275 ہلاکتیں ہوئیں اور 2 لاکھ 93 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 26,644 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 1 لاکھ 97 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 65 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 2 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ تاہم اٹلی میں اب کرونا کی وبا خاصی حد تک تھم گئی ہے، اموات میں نمایاں کمی ہو چکی ہے جس کے باعث لاک ڈاﺅن میں نرمی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔سپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، سپین میں ہلاکتیں 23,190 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔ فرانس میں 22,856 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

برطانیہ بھی شدید متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 400 سے زائد مریض مر چکے ہیں، اور وائرس اب تک 20,732 افراد کی جانیں لے چکا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 52 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا ہے، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی صحت یابی کا گراف نہایت کم ہے۔بیلجیئم میں 7,094 مریض، جرمنی میں وائرس سے 5,976 مریض، ایران میں 5,710 مریض، چین میں 4,633 (گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف ایک ہلاکت)، نیدرلینڈز میں 4,475 افراد، برازیل میں 4,286، ترکی میں 2,805، کینیڈا میں 2,560، سوئیڈن میں 2,192، سوئٹزلینڈ میں 2,194، میکسیکو میں 1,351، آئرلینڈ میں 1,087، اور انڈیا میں 881 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں