محمدسرور

کوئی خطرہ نہیں انشاء اللہ مر کز اور پنجاب میں بجٹ آسانی سے منظور ہو جائے گا ،محمد سرور

لاہور(عکس آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کوئی خطرہ نہیں انشاء اللہ مر کز اور پنجاب میں بجٹ آسانی سے منظور ہو جائے گا کیونکہ بجٹ کی منظوری کیلئے اتحادی جماعتیں بھی حکومت کیساتھ ہیں ،

حکومت نے ملکی تاریخی میں پہلی بار چینی اور آٹے سکینڈلز کی شفاف تحقیقات کروائی ہیں اور نیب سمیت متعلقہ ادارے مکمل آزادی کے ساتھ ذمہ داروں کیخلادف کاروائی کر یں گے،ایک بات طے ہے کہ ملک میں شفافیات اورآئین وقانون کی حکمرانی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وہ جمعہ کے روز مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اتحادیوں کے معاملے پرحکومت سب کے ساتھ رابطوں میں ہے اور جہاں تک بجٹ کا تعلق ہے تو اس کیلئے بھی حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ،

بلکہ بجٹ منظور ہو جائے گا اور اپوزیشن کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کر نا پڑ یگا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ہر فورم پر شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنا رہی ہے ،

اپوزیشن پہلے کہتی رہی کہ چینی سیکنڈل کی تحقیقات نہیں ہوںگی مگر جب تحقیقات ہوگئیں تو کہااس کی رپورٹ نہیں آئیگی مگر اپوزیشن کے تمام دعوے جھوٹ ثابت ہوئے اور حکومت چینی سیکنڈل کے تمام معاملات کو قوم کے سامنے لے آئی ہے،

اور یہ سب کچھ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ کر پشن اور عوام کیساتھ ناانصافی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت وعدے کے مطابق ملک میں نیب سمیت تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہی ہے اور اداروں کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی سیاسی مداخلت کی وجہ سے پاکستان میں ادارے تباہ ہوتے رہے ہیں مگر اب کسی قسم کی سیاسی مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں کورونا بے قابوہوچکا ہے اور اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عوام نے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا مگر اب وقت آچکا ہے کہ کورونا کیخلاف سیاسی ،

مذہبی جماعتوں اوروکلاء سمیت تمام طبقات کو متحد ہوناچاہیے اور جو بھی لوگ کورونا سے بچائو کیلئے ایس اوپیز پر عمل نہیں کریں گے وہ سزا سے بچ نہیں سکیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے انکے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں