کراچی ٹیسٹ

کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام، 3 وکٹوں پر 251رنز بنا لیے

کراچی (عکس آن لائن)پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز آسٹریلیا کے نام اور عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251رنز بنائے ہیں،عثمان خواجہ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے پیدائشی ملک پاکستان میں پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا،وارنر 36اور سمتھ نے 72رنز بنائے ،مارنوس صفر پر رن آئو ٹ ہو پویلین چلتے بنے ،عثمان خواجہ127 رنز اور نیلتھن لیون صفر پر کریز پر موجود ہیں ،پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناصرف نصف سنچری شراکت قائم کی بلکہ اچھے رن ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے اسکور کرتے رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے 82رنز کی شراکت قائم کی تاہم اسی اسکور پر فہیم اشرف کی ایک گیند کو ڈیوڈ وارنر سمجھ نہ سکے اور گیند 36رنز بنانے والے کھلاڑی کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی تاہم آسٹریلیا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ایک غیرضروری لینے کی کوشش میں مارنس لبوشین، ساجد خان کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔دوسرے اینڈ سے عثمان خواجہ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی اسٹیو اسمتھ اور عثمان نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور دوسرے سیشن میں پاکستانی باؤلرز وکٹ سے محروم رکھا۔دن کے تیسرے سیشن میں بھی دونوں آسٹریلین بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کیلئے 159رنز جوڑے۔عثمان خواجہ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے پیدائشی ملک پاکستان میں پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا،دن کے اختتام سے محض سات گیندوں قبل اسٹیو اسمتھ 72 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251رنز بنائے تھے، عثمان خواجہ 127 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔اس سے قبل ٹاس کے موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ یہ ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے اپنی ٹیم میں مچل سویپسن کو شامل کیا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ یہ کراچی کی روایتی وکٹ ہے جس پر بعد میں اسپنرز کو مدد ملے گی۔میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور افتخار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔پاکستان ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان، نعمان علی جبکہ آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن، جوش ہیزل وڈ اور مچل سویپسن شامل ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں