حسن روحانی

کامیاب انسداد کورونا مہم نے غلط فہمیوں کو دور کر دیا: حسن روحانی

تہران(عکس آن لائن)ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایران کی جانب سے اٹھائے گئے مثبت اقدامات نے ایرانی نظام، حکومت اور عوام سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے ۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور مدارس کے عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام میں ایران کی کارکردگی کے پیش نظر بہت سارے ملکوں نے ایران کی اچھی اورعمدہ کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات نے ایرانی نظام، حکومت اورعوام سے متعلق بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے۔ایرانی صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ممالک کا خیال تھا کہ ایرانی عوام پابندیوں اور دبا وکے سامنے صرف چند مہینوں کیلئے مزاحمت کر سکتے ہیں اور جب کورونا وائرس پھیل گیا تو انہوں نے سوچا کہ سخت پابندیوں اور محدود مالی وسائل کا حامل ملک ان مشکلات کا مقابلہ نہیں کر سکے گا۔

صدر روحانی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایران کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں وینٹی لیٹر مشینوں، این 95 ماسک اور کورونا وائرس ٹسٹ کٹس کی تیاری میں اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ دوسرے ملکوں کو بھی ان طبی سامان کی برآمدات کر سکتے ہیں جو انتہائی قابل قدر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں