ثانیہ مرزا

کافی مشکل وقت سے گزری مگر اب میں نے سب سلجھا لیا ہے’ ثانیہ مرزا

ممبئی (عکس آن لائن ) پاکستانی آل رائونڈر شعیب ملک کی اہلیہ، بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی جانب سے نئے سال کی آمد پر شیئر کی گئی انسٹا پوسٹ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سال 2023ء کے آغاز پر گزشتہ سال کو الوداع کہنے کے لیے اپنی کچھ سیلفیاں شیئر کی ہیں۔انہوں نے سیلفیاں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے پاس 2022 ء کے لیے کوئی بہت طویل کیپشن نہیں ہے لیکن کچھ خوبصورت سیلفیاں ہیں۔انہوں نے سب کو نئے سال کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ 2022 ء میں کچھ مواقعوں پر مجھے کافی مشکل وقت سے بھی گزرنا پڑا لیکن اب میں نے سب سلجھا لیا ہے۔ثانیہ مزرا نے اپنی پوسٹ میں ایک ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ آپ سچ کو برداشت نہیں کرسکتے۔

اس پوسٹ میں قابلِ غور بات یہ ہے کہ ثانیہ نے اپنی پوسٹ میں جتنی بھی سیلفیاں شیئر کیں، ان میں سے کسی ایک میں بھی شعیب ملک موجود نہیں ہیں جس پر پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں کی جانب سے اظہارِ تشویش کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا 12اپریل 2010ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ان کی شادی بھارت کے شہر حیدر آباد میں ہوئی تھی جبکہ ولیمہ شعیب ملک کے آبائی شہر سیالکوٹ میں ہوا تھا۔جب سے کھیلوں کی دنیا کی یہ مشہور جوڑی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہے وقتا فوقتا ان کے درمیان طلاق کی افواہیں زیر گردش کرتی رہتی ہیں۔دونوں شخصیات اس بارے میں واضح طور پر کوئی بات نہیں کرتیں تاہم شعیب ملک نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یہ ان دونوں کا ذاتی معاملہ ہے۔یاد رہے کہ کھیلوں کی دنیا کی اس جوڑی کا ایک 4 سالہ بیٹا اذہان مرزا ملک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں