بہاریہ مکئی

کاشتکار بہاریہ مکئی کی فصل 1 فٹ ہوجائے تو فوری طور پر یوریا کھاد فی ایکڑ ڈالیں ،ترجمان محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے ضروری ہدایات پر عملدرآمد کیلئے سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بہاریہ مکئی کی فصل ایک فٹ ہوجائے تو فوری طور پر ایک بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈالیں اور جب اونچائی اڑھائی فٹ سے تین فٹ ہو تو دوبارہ ایک بوری یوریا کھادفی ایکڑ ڈالی جائے تاکہ مکئی کی شاندار فصل کاحصول ممکن ہو سکے۔محکمہ کے ترجمان نے کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ کاشتکار پھول آنے سے پہلے ایک تا ڈیڑھ بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں اور مکئی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے کم ازکم6 تا8 پانی ضرور لگائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈرل یا پلانٹر سے کاشت کی ہوئی مکئی کو پہلی آبپاشی اگا کے 3 سے 4 دن بعد کی جاتی ہے لیکن وٹوں پر کاشتہ مکئی کو اگا تک وتر میں رکھا جانا ضروری ہے اس کے بعد فصل کی حالت اور ضرورت کے مطابق پانی لگایا جائے نیز پھول آنے اوردانے کی دودھیا حالت میں فصل کو سوکھانہ آنے دیں ورنہ پیداوار پر برا اثر پڑے گا لیکن مکئی کی فصل پانی کی زیادتی کو بھی برداشت نہیں کرسکتی لہذا زیادہ بارش ہونے کی صورت میں فالتو پانی فورا کھیت سے نکال دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں