کھیرے

کاشتکاروں کو کھیرے کی اگیتی کاشت ایک ایکڑ رقبہ کیلئے ایک کلو گرام بیج استعمال کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کھیرے کی اگیتی کاشت مارچ اور پچھیتی جولائی میں کی جاسکتی ہے جبکہ کاشتکار ایک ایکڑ رقبہ کیلئے کھیرے کا ایک کلو گرام صحت مند بیج استعمال کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ کھیرے کی کاشت کیلئے ذرخیز میرازمین موزوں ہوتی ہے لہٰذاکلراٹھی اور شور زدہ زمین میں کھیرے کی کاشت سے گریز کرناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیرا موسم گرما کی انتہائی مفید سبزی ہے جس کا استعمال زیادہ تر سلاد کے طور پر کیاجاتاہے اور اساسی اجزاء کی فراوانی کے باعث کھیراا نسانی جسم میں تیزابیت کو کم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب میں 4305ایکڑ رقبہ پر کھیرے کی کاشت کی گئی جہاں اوسطاً242 من فی ایکڑ کے حساب سے 38952 ٹن ریکارڈ فصل پیداہوئی ۔

انہوں نے بتایاکہ کھیرے کی فصل معتدل اور خشک آب و ہوا کو پسند کرتی ہے جبکہ ہوامیں نمی کی زیادتی سے پھپھوند کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ بہترین اگاؤ کیلئے درجہ حرارت 18سے24 ڈگری سینٹی گریڈ اور بہتر نشوونما کیلئے 27سے35 ڈگری سینٹی گریڈ ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کے دوران نامیاتی مادوں کی مقدار میں مناسب اضافہ کیلئے فصل کی کاشت سے قبل فی ایکڑ 10 سے 12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اسے زمین میں ضرور مکس کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کا حصول یقینی ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں