فیصل آباد(عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کریلے کی اگیتی فصل کی کاشت 15فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ یہ کاشت وسط فروری سے شروع کر کے 15اپریل تک مکمل کرتے ہوئے بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے نیز انہوں نے بمپر کراپ کے حصول کیلئے کریلے کی ترقی دادہ قسم فیصل آباد لانگ کاشت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے تاکہ کاشتکار اس قسم کی پیداوار سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔
انہوں نے بتایاکہ کاشتکار وں کو چاہیے کہ وہ اچھی روئیدگی والا ساڑھے 3سے پونے 4کلوگرام سفارش کردہ بیج پھپھوند کش دوائی لگاکر فی ایکڑ استعمال کریں اور دوائی کی شرح 2سے 3کلوگرام بیج تک ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کریلے کی کاشت کیلئے ذرخیز میرا زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے نیز زمین کی تیزابی خاصیت 7یا اس سے کم اور پانی کا نکاس بھی اچھا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار کریلے کی فصل کی کاشت سے قبل 10سے 12ٹن فی ایکڑ کے حساب سے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر مٹی پلٹنے والا ہل استعمال کریں تواسکے انتہائی مثبت نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مزید رہنمائی، مشاورت یا معلومات کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔