ربیع کے چارے

کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت فوری شروع کرکے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

قصور(عکس آن لائن)ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت فوری طورپر شروع کرکے جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار موسم سرما کے سبزچارے برسیم‘لوسرن‘ اگیتی‘جئی کی کاشت رواں ماہ کے دوران مکمل کرلیں تاکہ بہترفصل کا حصول ممکن اور موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارہ کی ضروریات کوپورا کرنے میں مددمل سکے

نیزربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زرخیززمین کا انتخاب کیاجائے تاکہ کاشتکار بہترانداز میں مالی فائدہ بھی حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زمین میں 3سے4مرتبہ ہل اور سہاگہ چلاکر اسے اچھی طرح نرم و بھربھری کرلینی چاہئیے جس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد12سے15گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرگوبرکی کھاد دستیاب نہ ہو تو 2بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ بھی ڈالی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاراس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں