آلو

کاشتکاروں کو آلو کی بھرائی سے قبل پٹ سن کی بوریاں صاف کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی درجہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار 35 سے 55ملی میٹر گولائی تک کے انڈے کے سائز کے برابر آلو کو بطور بیج استعمال کرنے کیلئے الگ کرلیں۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد نے کہا کہ کاشتکاروں کو بھرائی سے پہلے آلوں پر لگی مٹی اچھی طرح صاف کر لینی چاہیے اور بھرائی کیلئے پٹ سن کی بوریا ں بھی استعمال کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈھیلی بھری ہوئی بوریوں کے نرخ ہمیشہ کم لگتے ہیں اس لیے درجہ بندی کرنے پر فصل کے بہتر نرخ کاحصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹ لگے یا رگڑ سے خراب ہونے والے آلوں کی بھرائی ہمیشہ صحت مند آلوں سے الگ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیلئے بہتر اور آسان طریقہ یہ ہے کہ آلوں کو زمین سے نکال کرٹوکروں میں بھر دیاجائے اور پھر صاف زمین پر پلٹ کر آلوں پر لگی تمام مٹی جھاڑ دی جائے جس کے بعد درجہ بندی میں آسانی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں