گندم کی کٹائی

کاشتکاروں و کسانوں نے گندم کی کٹائی کے آغاز کیلئے اجرتی محنت کشوں کی خدمات کاحصول شروع کردیا

فیصل آباد (عکس آن لائن):زمینداروں و کاشتکاروں کی جانب سے شروع ہونیوالی گندم کی کٹائی کیلئے لیبر کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ دیہاڑی دار مزدوروں نے اس ضمن میں اپنی اجرت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ زمینداروں، کاشتکاروں، کسانوں نے گندم پکنے پر اس کی کٹائی اور محکمہ خوراک کی گندم خریدنے کی پالیسی کے اعلان کی روشنی میں گند م کی کٹائی کا عمل بروقت یقینی بنانے کیلئے دیہاڑی دار لیبر کی بکنگ شروع کر دی ہے تاکہ گندم کی کٹائی کے موقع پر انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

فارمرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت امسال دیہاڑی دارمزدور اپنی دیہاڑی دوگنا کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ دوسری جانب درانتیوں کی قیمت میں بھی دوگنا اضافہ کردیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تھریشرز، ریپرز، ہارویسٹرز مالکان نے بھی اپنے کرایوں میں زبردست اضافہ کردیاہے جس کیلئے مختلف حیلے بہانوں کو جواز بنایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے کاشتکاروں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں