گاڑیوں

کاروں کی فروخت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر56 فیصد کمی

لاہور(نمائندہ عکس)پاکستان میں کاروں کی فروخت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر56 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔آل پاکستان آٹومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 25589یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 56 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 57539 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ستمبر کے مہینہ میں ملک میں 9213 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو اگست کے مقابلہ میں 3 فیصد زیادہ اورگزشتہ سال ستمبر کے مقابلہ میں 51 فیصد کم ہے۔ماہ اگست میں ملک میں 8980 یونٹس کاروں جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں ملک میں 18971 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

1300 سی سی اوراس سے زیادہ پاورکی کاروں کی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران 36 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پہلی سہ ماہی میں 1300 سی سی اوراس سے زیادہ پاورکی 14862 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 23316 یونٹس تھی۔1000 سی سی کی کاروں کی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پہلی سہ ماہی میں ملک میں ایک ہزارسی سی کے 3236 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 15602 یونٹس تھی۔ ایک ہزار سی سی سے کم پاورکی کاروں کی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران 60 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں