وزیر اعظم

کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سازگار ماحول کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں، ہمارا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ملک میں ترسیلات بھیجتے ہیں جس سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، ہماری نوجوان آبادی اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان سے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی نڑاد اہم شخصیات نے ملاقات کی ۔

وفد میں ڈائریکٹر پراڈکٹ اینڈ مارکیٹ ڈویلپمنٹ قطر اسٹاک ایکسچینج محسن مجتبیٰ ، جنرل کونسل قطر فنانشل سنٹر اسحٰق برنی، سینئر ڈائریکٹر الریان انویسٹمنٹ اکبر خان، لیگل ڈائریکٹر فیفا ورلڈ کپ قطر 2022عارج سید واسطی، چیف اکانومسٹ اکنامک پالیسی اینڈ ریسرچ وزارت خزانہ قطر عرفان علیم و دیگر شریک تھے ۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً ملک میں معیشت کے مختلف شعبے میں قطر ی سرمایہ کاری اور قطر میں پاکستانی جوانوں اور ہنر مندوں کے لئے نوکریوں کے مواقع و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کاروباری برادری اور سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،کاروبار دوست معاشی پالیسیاں، استحکام اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے سازگار ماحول کی وجہ سے بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ملک میں ترسیلات بھیجتے ہیں جس سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، ہماری نوجوان آبادی اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور حکومت نے ان کو ہنرمند اور باروزگار بنانے کے لیے اہم پروگرام کا اجرا کیا،پاکستانی ورک فورس قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ ملاقات میں قطر میں پاکستانی ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقعوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں