وفاقی کابینہ

کابینہ اجلاس،شہبازگل کے ریمارکس عمران خان کی زبان قرار

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وفاقی کابینہ نے شہباز گل کے ریمارکس پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسے عمران خان کی زبان قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اداروں کے خلاف مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اداروں میں تقسیم ڈالنے والے ملک سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان کے قیام اور دواں کی قیمتوں میں ردوبدل کے معاملات موخر کردیئے گئے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شیری رحمان نے موسمیاتی تبدیلیوں اور آبی صورت حال پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں پانی کم ہو گیا ہے، پاکستان 2025 تک خشک سالی کا شکار ہو جائے گا ہمیں اپنے منصوبوں کی ترجیحات تبدیل کرنا ہوں گی، ہمیں بروقت اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ دنیا میں بڑے ڈیمز کا رجحان کم اور چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کا رجحان بڑھ رہا ہے، بڑے ڈیمز کی تعمیر کے لئے بڑی تعداد میں فنڈز درکار ہوتے ہیں،ہمیں اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے ڈیمز بنانے چاہیے۔

وفاقی کابینہ میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی،کابینہ نے شہباز گل کےریمارکس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عمران خان کی زبان قرار دے دیا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ملک اداروں کے خلاف مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اداروں میں تقسیم ڈالنے والے ملک سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ اجلاس کے دوران حکومت کی اتحادی جماعتوں کے وزرا نے پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لینے کی اپیل کی۔ اتحادی جماعتوں کے وزرا کا مقف تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام میں تشویش کاباعث ہے، عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں