اسلام آباد(عکس آن لائن)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈھائی سال کیس گزر نے کے باوجود کیس وہیں پر ہے ،قانو ن کے مطابق تیس دن میں کیس مکمل ہونا چاہیے ،سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد پارلیمان خفیہ رائے شماری کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آج پھر نیب کورٹ میں پیشی تھی، ڈھائی سال گزرنے کے باوجود کیس وہیں پر ہے، قانون کہتا ہے 30 دن میں کیس مکمل کرنا ہے، امید ہے سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکمرانوں کو معلوم ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے ساتھ گئے تو کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوںنے کہاکہ مشترکہ امید وار سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں، سپریم کورٹ نے خفیہ رائے شماری کو قائم رکھا ہے، سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد پارلیمان خفیہ رائے شماری کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ نے خفیہ رائے شماری کا کہا ہے، یہ بھی کہا ہے کہ شفاف رکھا جائے، یہ ایک تضاد ہے جو تفصیلی فیصلے کے بعد دیکھا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ یہی حکومت پہلے ایک آئینی ترمیم لائی، پھر پیچھے ہٹ گئی، یہ وہی حکومت ہے جس نے بیس پریزائیڈنگ افسروں کو اغوا کیا، ووٹ بھی غائب کیے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت خود ووٹ چوری میں ملوث ہو تو عوام کیا توقع کریں گے۔