عمران خان

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا عمران خان کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم

اسلام آباد (عکس آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کیس میں عمران خان کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نا عمران خان کا پمز اسپتال سے میڈیکل کروا لیں۔ منگل کو ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کی۔عمران خان کے وکیل گوہرعلی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعدحسن عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان کے وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہوجائیگا،

9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں، جج نے ریمارکس دئیے کہ ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائیگا، عمران خان کی طبی بنیاد پر ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی، الیکشن کمیشن کے وکیل نے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں لگایا گیا،عمران کا میڈیکل بورڈ کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عمران کا ایم ایل سی تو دکھائیں تاکہ ہم زخموں کی نوعیت تو جان سکیں،ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ عمران خان کو دی جاری ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کا پمز سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی۔

عدالت نے کہا کہ میڈیکو لیگو سرٹیفکیٹ کے بغیر کس طرح اندازہ لگا سکتے ہیں کو عمران کی حالت کیسی ہے، کیوں نا عمران خان کا پمز اسپتال سے میڈیکل کروا لیں، ہم مسلسل آپ لوگوں کی مان ہی رہے ہیں، صرف کاپیاں فراہم کرکے فردجرم عائد کرنی ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلاء کو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ جج ظفر اقبال نے کہا کہ 28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، ان کی حاضری یقینی بنائیں،عدالت نے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں