اجلاس

چین کے مرکزی بینک کا 2025 کے لئے مالیاتی ترجیحات کا خاکہ پیش کر دیا گیا

بیجنگ (عکس آن لائن) چین کے مرکزی بینک نے دو روزہ اجلاس کے بعد 2025 کے لئے اپنی مالیاتی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا ہے جس میں مقامی طلب میں توسیع ، توقعات کو مستحکم کرنے اور چینی معیشت میں پائیدار بہتری کو یقینی بنانے کے لئے توانائی پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق پیپلز بینک آف چائنا نے کہا ہے کہ وہ 2025 میں معتدل طور پر نرم مانیٹری پالیسی نافذ کرے گا، اہم شعبوں میں مالیاتی خطرات کو کم کرے گا، اور مالیاتی اصلاحات اور اعلی معیار کے کھلے پن کو مزید گہرا کرے گا۔ رواں سال کے لیے اپنی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ وہ مستحکم معاشی نمو کے لیے مضبوط مالیاتی ماحول پیدا کرنے کے لیے معتدل نرم مانیٹری پالیسی نافذ کرے گا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی معاشی اور مالیاتی حالات اور مالیاتی منڈیوں کے آپریشن کی روشنی میں مناسب وقت پر ریزرو کی مطلوبہ شرح اور شرح سود کو کم کرنے کے لئے مانیٹری پالیسی ٹولز کا استعمال کیا جا سکے گا۔چین کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ وہ لیکویڈیٹی برقرار رکھے گا اور مالی رسد میں مستحکم اضافہ کرے گا، تاکہ سوشل فنانسنگ اور منی سپلائی میں اضافہ معاشی نمو اور مجموعی قیمتوں کے معیار کے ہدف سے مطابقت رکھتا ہو۔

اجلاس میں موجودہ مالی وسائل کو بہتر طور پر استعمال میں لانے اور فنڈز کے استعمال میں استعداد کار کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ یہ نشاندہی بھی کی گئی کہ یوآن کی شرح تبادلہ کو بنیادی طور پر ایک موافق اور متوازن سطح پر مستحکم رکھا جائے گا اور ایکسچینج ریٹ کے اوورشوٹنگ خطرات سے گریز کیا جائے گا.