وزیراعظم

چینی تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید تعطل کا شکار نہیں ہونے دیں گے، وزیرِاعظم

اسلام آباد (نمائندہ عکس) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید تعطل کا شکار نہیں ہونے دیں گے، سی پیک پاکستان کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی بہبود میں اہم کردار ادا کر ر ہا ہے ، حکومت چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے شنگھائی الیکٹرک کے صدر لیو پھنگ کی قیادت میں چینی وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 1320 میگاواٹ تھر کول پاور پراجیکٹ گذشتہ سالوں میں تعطل کا شکار رہا مگر موجودہ حکومت کے تعاون کی بدولت نہ صرف اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی بہبود میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ چینی تعاون و سرمایہ کاری کی بدولت پاکستان میں انفراسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ کی ترقی اور بجلی کے بحران پر کافی حد تک قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے جبکہ چینی کمپنیوں کے انجینئرز اور مزدوروں کے تحفظ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی کمپنیوں نے پاکستان میں برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی، جو قابلِ ستائش ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے تھر کول پراجیکٹ کی جلد تکمیل میں چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک کے ساتھ معاونت کیلئے معاونِ خصوصی ظفر الدین محمود اور ایڈیشنل سیکٹری ندیم چوہدری کو نمائندہِ خصوصی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں