چیلنج کرتا ہوں جومرضی کرلو، ایک کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم عمران خان

چیلنج کرتا ہوں جومرضی کرلو، ایک کرپٹ آدمی کو نہیں چھوڑوں گا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد( عکس آن لائن)
ہزارہ موٹروے حویلیاں مانسہرہ سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ جومرضی کرلو، اکٹھے ہوجاؤ،میرا اللہ سے وعدہ ہے، میں ایک آدمی کو نہیں چھوڑوں گا، سارے مافیا کو پیغام دیتا ہوں کہ میں مقابلہ کرنے کا اسپیشلسٹ ہوں، دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا، مقابلہ کرکے پاکستان کو اوپر لے کرگیا، مجھے ہارنا بھی آتا ہے، جیتنا بھی آتا ہے۔ مرادسعید کی تقریر سن کر سوچ رہا تھا کہ اللہ میرے ملک کے نوجوانوں میں اس طرح کا جنون پیدا کردے۔جنون صلاحیت اور عقل کو شکست دیتا ہے۔مجھے خوشی ہے کہ مراد ہماری سٹوڈنٹس فیڈریشن سے اوپر آئے،آج وفاقی وزیر ہیں۔کوئی سیاسی رشتہ داری یا تعلق نہیں ہے، میرٹ پر اوپر آئے ہیں، پوسٹل سروسز اور محکمہ مواصلات دونوں خسارے میں تھے لیکن انہوں نے آکر اس کو سنبھالا دیا۔

آج جو ہم اس موٹروے کا افتتاح کررہے ہیں یہ سی پیک کا حصہ ہے، ہمارے ملک کی ترقی میں سی پیک کردار ادا کرے گا۔ہمیں اس سے وہ فائدہ ملے گا ، ہماری پیداوار دنیا میں سب سے کم ہے، سی پیک پہلے سڑک کانام تھا لیکن آج چین کی انڈسٹری ڈائریکٹ منتقل ہورہی ہے۔ہم نوجوان نسل کو ہنرمند بنا رہے ہیں ، چین سے ہر طرح کی انڈسٹری پاکستان میں آرہی ہے۔

میں سارے مافیا کو پیغام دیتا ہوں کہ مجھے اللہ نے مقابلے کی تربیت دی ہوئی ہے، میں مقابلہ کرنے کا اسپیشلسٹ ہوں،میری زندگی کھیلوں کے میدانوں میں گزری ہے، میں نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا، مقابلہ کرکے پاکستان کو اوپر لے کرگیا، مجھے ہارنا بھی آتا ہے، جیتنا بھی آتا ہے۔ یہاں پوری پارٹی ایک کاغذ کے ٹکڑے پرایک لڑکے کے حوالے کردی گئی،پانچ مرلے کا پلاٹ بھی ویریفائی کرنا پڑتا ہے، دوسری طرف جنرل جیلانی کے گھر کا سریا لگاتے لگاتے وزیر بن گئے، میں چیلنج کرتا ہوں کہ جومرضی کرلو، اکٹھے ہوجاؤ،میرا اللہ سے وعدہ ہے، میں ایک آدمی کو نہیں چھوڑوں گا، جس نے بھی ملک کا پیسا چوری کیا ہے۔

ہماری زرعی زمینیں ہیں، لیکن پیدوار کم ہے، چین کی پیداوار تین چار گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پیسا نوجوانوں، انسانوں پر خرچ کرنا ہے، موٹروے تو بنانے ہیں لیکن پیسا لوگوں پر خرچ کرنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ جتنا بڑا مجرم ہوتا ہے کنٹینر پر چڑھ کر اتنا زیادہ شور مچاتا ہے۔پاکستان میں دھرنے کا کوئی ایکسپرٹ ہے تو وہ یہاں کھڑا ہے۔
میں نے کہا کہ تھا ایک ماہ دھرنا دے دیں، تو میں ان کی ساری باتیں مان جاؤں گا، ہم نے 126دن گزارے ۔جس طرح مدرسے کے بچوں کو دھرنے میں لایا گیا، ان سے پوچھا گیا تو کہا کہ اسلام خطرے میں ہے، اسرائیل کا جھنڈالگانے آئے ہیں، کسی کو پتا نہیں وہ کیوں آئے؟ مجھے تکلیف ہوئی وہ بارش اور سردی میں جبکہ مولانا گرم کمرے میں بیٹھا ہوا تھا۔ نبی پاک ﷺ کے دین کو پیسا بنانے کیلئے بیچنا گناہ ہے،جھوٹ بول کر دھرنے میں لوگوں کو لایا گیا۔
دین کے نام پر سیاست کرتا ہے، ڈیزل کے پرمٹ اورکشمیر کمیٹی کی سیٹ پر بکنے والا اسلام کا نام لے رہا ہے، میں نے اس سے کیا انتقام لینا ہے، اس کو سزا للہ دے گا، میں دعا مانگتا ہوں اس کو وہ سزا نہ ملے جو اس کو ملے گی۔ وہاں شہبازشریف بھی منڈیلا بننے کی کوشش کررہا تھا، بلاول بھٹو بھی کھڑا ہوا تھا۔ خود کو لبرل کہتا ہے۔ انگریزی میں لبرل ،لبرل نہیں لبرلی کرپٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے دن اقتدار ملا تو میں نے کہا تھا یہ سارے اکٹھے ہوجائیں گے، یہ مافیا ہے، ان کا کوئی دین ایمان نہیں ہے،یہ کوئی دینی ، کوئی لبرل کہتا ہے، ن لیگ دونوں طرف ہے اس کا کوئی پتا نہیں ہے۔جس کو ڈر تھا کہ وہ پکڑا جائے گا وہ سارے کنٹینرپر پہنچے ہوئے تھے۔ انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر ثابت کیا کہ ان کے اور پاکستان کے مفاد الگ ہیں، کشمیر میں کرفیوکو 100دن ہوگئے لیکن سارا میڈیا اس سرکس پر لگا ہوا تھا، کہ مولانا آرہا ہے، مولانا جارہا ہے، یہ سارے ڈرامے کی ایک کوشش تھی کہ پریشر ڈال کرکہیں کہ ان کے کرپشن کیسز سے پیچھے ہٹ جاؤ، یہ بلیک میل کرنے آئے تھے، مذاکرات ہوئے تو کہتے کہ عمران خان کے سوا کسی کو بھی وزیراعظم بنادو، ان کو پتا ہے کہ عمران خان کی کوئی قیمت نہیں ہے، میں نے اللہ سے وعدہ کیا ہوا ہے، انہوں نے دس سال میں لوٹا ملکر لوٹا، اس سے پہلے جنرل مشرف نے ان کو این آر او دیا، میں بھی اگر آج چپ ہوجاؤں ، اور ان سے این آر او کرلوں ، سب آرام سے بیٹھ جائیں گے،مجھے خوف خدا ہے ، مجھے ووٹ کی نہیں ،آخرت کی فکر ہے، انہوں نے پاکستان کا چارگنا قرضہ بڑھا دیا ہے، مجھے عوام کو دیکھ کرتکلیف ہوتی ہے، جب ایک گھر کا سربراہ جواء کھیل کرقرضہ چڑھا دیتا ہے تو اس گھر کو مشکل سے گزرنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں