شہباز شریف

چیف الیکشن کمشنر کی جلد از جلد تقرری کی جائے، شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا

اسلام آباد(عکس آن لائن)قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی جلد از جلد تقرری پر زور دیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 3 نام وزیراعظم کو بھجوا دیے ہیں، شہبازشریف کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں میں ناصرمحمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اوراخلاق احمد تارڑ شامل ہیں۔

شہبازشریف نے وزیراعظم کو خط میں لکھا کہ میری دانست میں یہ شخصیات اس منصب کے لیے نہایت مناسب اور اہل ہیں، بغیر کسی تاخیر کے چیف الیکشن کمشنر کے لئے یہ 3 نام زیر غور لائیں، اس امید کے ساتھ آپ کو تین نام بھجوارہا ہوں کہ آپ کی طرف سے جلد جواب ملے گاشہبازشریف نے خط میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی 5 سال کی آئینی مدت گزشتہ روز مکمل ہو چکی ہے، چیف الیکشن کمشنر، ایک یا زائد ارکان کا تقرر نہ ہوا تو الیکشن کمشن غیرفعال ہوجائے گا جب کہ آئین کے آرٹیکل 213 ٹو اے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرے۔

شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ میری دانست میں آئین کے تحت آپ کو مشاورت کا یہ عمل بہت عرصہ قبل شروع ہونا چاہیے تھا تاہم الیکشن کمشن جیسے آئینی ادارے کو غیرفعال ہونے سے بچانے کی کوشش میں دوبارہ مشاورت کا عمل شروع کررہا ہوں، امید ہے کہ ان افراد کی اہلیت کی آپ پذیرائی کریں گے اور قانون کے مطابق زیرغور لائیں گے، مزید وضاحت یا معلومات درکار ہوں تو آپ کو فراہم کردی جائیں گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق شہبازشریف نے خط میں کہا کہ بلوچستان اور سندھ سے الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لئے اتفاق رائے پر مبنی مشاورت ضروری ہے تاہم میرے عقلی ومنطقی استدلال کے باوجود بدقسمتی سے مشاورت میں کمیشن کے ارکان پر اتفاق رائے نہ ہونے سے تعطل پیدا ہوا، میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اس مرتبہ مخلصانہ اور سنجیدہ کوشش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں