محمد صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ کی قوم کو سالِ نو کے موقع پر مبارکباد

اسلام آباد (عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم کو سالِ نو کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری یہ دعا ہے کہ2024 کا سورج ملک پاکستان اور قوم کیلئے ترقی و خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو۔

اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میری یہ بھی دعا ہے کہ 2023 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دھشتگردی،فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گزشتہ برس وطنِ عزیز کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا جن پر قابو پانے کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی۔انہوںنے کہاکہ نئے سال کے آغاز میں ہم سب کو اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہونا چاہیے کہ ملک میں ترقی وخوشحالی اور امن کا بول بالا قائم ہو،ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالکا پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ یہ ملک ہمار ے آباؤ اجداد کی امانت ہے ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفرید ی نے پوری قوم کو نئے سال کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ 2024 کا سال ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کا ضامن ثابت ہو۔ہم سب کو ملک کی ترقی کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ ملک ترقی و امن کا گہوارہ ثابت ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں