چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے موشن پکچرز (ترمیمی)بل 2023پر غور موخر کر دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے موشن پکچرز (ترمیمی) بل 2023پر غور موخر کر دیا جبکہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ آئین، قانون اور جمہوریت کے اصولوں کے ساتھ کھڑا ہوں، بل پر ایوان بالا جو بھی فیصلہ کرے گا، اس کا احترام کریں گے۔ منگل کو سینٹ اجلا س میں موشن پکچرز ترمیمی بل 2023بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔

سینیٹر رضا ربانی نے نگران حکومت کی طرف سے بل پیش کرنے پر اعتراض کیاجس پر وفاقی وزیر اطلاعات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات وضاحت سے کہنا چاہتا ہوں میری 63 سال عمر ہے اور ساری عمر آئین اور قانون کے ساتھ کھڑا رہا ہوں اور اس میں کبھی فرق نہیں آئے گا ،ایوان بالا جو بھی فیصلہ کرے اس کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کی تیاری پر کتنا عرصہ لگتا ہے ایوان بالا کے ارکان کو اس کا بخوبی علم ہے،

یہ بل ہمارے پاس آنے سے پہلے سابق حکومت کے دور میں بھی زیر غور رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قانون اور لیگل برانچ نے مجھے یہی مشورہ دیا کہ آپ موشن پکچرز (ترمیمی) بل 2023ایوان میں پیش کریں اس لیے میں حاضر ہوا ہوں لیکن اس پر چیئرمین اور ایوان بالا جو بھی فیصلہ کریں گے میں اس کا احترام کروں گا۔ چیئرمین نے کہا کہ اگر اس میں کوئی فوری نوعیت کا معاملہ نہیں ہے تو اس کو منتخب حکومت کے آنے تک التوامیں رکھا جائے۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ یہ بل ویسے بھی کمیٹی میں جانا تھا اور چونکہ قومی اسمبلی موجود نہیں ہے، فوری طور پر قانون تو نہیں بن سکتا اس لیے جو بھی فیصلہ آپ کریں گے اس کا احترام کیا جائے گا۔ اس کے بعد چیئرمین نے اس معاملے پر غور موخر کر دیا اور کہا کہ اس پر اٹارنی جنرل سے بھی مشاورت کی جائے گی اور جمعہ کو اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں