میاں اسلم اقبال

پی ڈی ایم جینوا کانفرنس میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ملنے والے قرض کو معیشت کی بحالی کا نسخہ کیمیا سمجھ بیٹھی ہے’ میاں اسلم اقبال

لاہور ( عکس آن لائن)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جینوا کانفرنس میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ملنے والے قرض کو معیشت کی بحالی کا نسخہ کیمیا سمجھ بیٹھی ہے،بھیک کی رقم سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی بلکہ معیشت کی بحالی کے لئے سخت فیصلے ،اچھی نیت اور عوام کے اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم نے 90شاہراہ قائد اعظم پر اراکین اسمبلی اور سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 13جماعتوں کا حکمران ٹولہ مسائل کے حل اور معیشت کی بحالی کی اہلیت نہیں رکھتا۔پی ڈی ایم کی نااہل حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بری طرز حکمرانی اور برباد معیشت کے باعث عوام بدحالی کا شکار ہیں۔

ملک کو جان بوجھ کر اندھیروں میں دھکیلنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر میدان میں شکست پی ڈی ایم کا مقدر بن چکی ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے کر پی ڈی ایم کو ایک بار پھر شکست دے دی ہے۔ عام انتخابات جب بھی ہوں گے پاکستان تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی۔ ملاقاتوں کے دوران سیاسی صورتحال، پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور جاری فلاحی پروگراموں پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کرنے والوں میں ممبرپنجاب اسمبلی بلال وڑائچ، چودھری ساجد شوکت، ناصر انصاری، حاجی ارشاد اور دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں