پی سی بی

پی سی بی نے زمبابوے سیریز کا نیا شیڈول جاری کردیا

لاہور(عکس آ ن لائن)آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کریگا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے،یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹونٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کردی گئی ہے، یہ میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو اب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہاکہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نومبر میں لاہور شہر میں متوقع سموگ کی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور اگر اس دوران کسی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس پر غور کیا جائے گا۔ذاکر خان نے کہا کہ راولپنڈی کی دستیابی سے واضح ہوتا ہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے میچوں کے انعقاد سے متعلق کوئی غیر یقینی نہیں اور پاکستان کوشش کرے گا وہ لیگ کا فاتحانہ آغاز کرکے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکے۔اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے آخری بار 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔

اس دورے کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان میں مختلف طرز کی کرکٹ کے میچز کھیلے۔اس کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچز کی میزبانی بھی پاکستان میں ہی کی۔ ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز اب 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہیں ۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق بیس اکتوبر کو زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان پہنچے گی ،اکیس تا ستائیس اکتوبر تک قرنطینہ کی مدت اور پریکٹس ہوگی ،اٹھائیس تا انتیس اکتوبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریگی ،تیس اکتوبر کو پہلا ایک روزہ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائیگا.

شیڈو ل کے مطابق یکم نومبر کو دوسرا ایک روزہ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائیگا اور سی طرح تین نومبر کو تیسرا ایک روزہ میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جائیگا ،چار نومبر کو ٹیم لاہور روانہ ہوگی ،پانچ تا چھ نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس ہوگی ،سات نومبر کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ لاہور میں کھیلا جائیگا ،آٹھ نومبر کودوسرا ٹی ٹونٹی میچ لاہور میں کھیلا جائیگا ،دس نومبر کوتیسرا ٹی ٹونٹی میچ لاہور میں کھیلا جائیگا اور بارہ نومبر کو زمبابوے کرکٹ ٹیم کی واپس ہرارے چلی جائیگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں