سرفراز احمد

پی ایس ایل میں اب تک اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے،سرفراز احمد

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو میں ابھی تک اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے ہیں،عمر اکمل کا ہمیں بہت نقصان ہوا ہے، ان پچز پر عمر اکمل جیسے بیٹسمین کی ضرورت تھی۔

ایک انٹرویور میں سرفراز احمد نے کہاکہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اور ہم نے ابھی تک اچھی کرکٹ نہیں کھیلی جو کھیلنی چاہیے تھی، بقیہ دو میچز میں جیتنے کی کوشش کریں گے اور دعا بھی کریں گے کہ وہ ٹیمیں اپنے میچز جیتیں جنہیں ہم جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ عمر اکمل کا ہمیں بہت نقصان ہوا ہے، ان پچز پر عمر اکمل جیسے بیٹسمین کی ضرورت تھی، اعظم خان کے ساتھ مڈل آرڈر میں عمر اکمل جیسے پاور ہٹر ہوتے تو اس کا بہت فائدہ ہوتا لیکن ان کی عدم موجودگی سے ہماری ٹیم کو بہت نقصان ہوا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بولنگ میں ناتجربہ کاری کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے، محمد حسنین اور نسیم شاہ باصلاحیت تیز بولرز ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں پلان پر بھی عمل کرنا ہو گا جس کی کمی نظر آئی، ابھی وہ ناتجربہ کار ہیں، وہ جتنا کھیلیں گے ان کی کارکردگی میں نکھار آئے گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی پچز میں بھی بہت فرق ہے، یہاں بہت رنز بن رہے ہیں،کوالٹی پچز ہیں، ان بیٹنگ پچز پر تجربے کی بہت ضرورت ہوتی ہے اور یہ بولرز جتنا کھیلیں گے اتنا تجربہ آئے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ میرا س وقت فوکس صرف پی ایس ایل پر ہے، میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے بارے میں نہیں سوچ رہا، جو قسمت میں لکھا ہوا وہ گا۔انہوں نے کہا کہ ابتداء میں میری کارکردگی اچھی تھی اور پی ایس ایل کے میچز سے اعتماد میں اضافہ ہوا تاہم اس کے بعد کارکردگی تھوڑی خراب ہوئی، بیٹنگ آرڈر بدلنے سے بھی فرق پڑا لیکن میں پْرامید ہوں کہ ابھی جو دو میچز باقی ہیں ان میں پرفارم کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں