لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔پرویز الٰہی نے اشتیاق اے خان ایڈووکیٹ کے توسط سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کو خدشہ ہے ان کے خلاف مقدمات درج ہیں جو ان کے علم میں نہیں۔ عدالت تمام مقدمات کی تفصیل طلب کرے، جب تک تفصیلات فراہم نہ ہوجائیں پولیس کو پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روکا جائے۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ پولیس سمیت دیگر اداروں کو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے سے روکا جائے، پرویز الٰہی اور انکے خاندان کے ارکان کو غیر قانونی طور پر ہراساں نہ کیا جائے۔ پرویز الٰہی کو مقدمے کی صورت میں گرفتاری سے پہلے عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔