ڈاکخانوں کا دورہ

پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھاکا خوشاب اور جوہرآباد کے ڈاکخانوں کا دورہ

خوشاب(نما ئندہ عکس آن لائن) پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب خالد اویس رانجھا نے خوشاب اور جوہرآباد کے ڈاکخانوں کا اچانک معائنہ کیا اس دوران اُنھوں نے جی پی او خوشاب اور ڈاکخانہ جوہرآباد کے ریکارڈ کی تفصیلی پڑتال کی اور وہاں پر تعینات پوسٹل ملازمین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل پوسٹل سروسز سرگودھا حفیظ اﷲ ، اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ پوسٹل سروسز خوشاب میاں امجد ، ہیڈ پوسٹ ماسٹر جوہرآباد محمد قربان علی اور سینئر پوسٹ ماسٹر خوشاب اسلم ندیم بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

اُنھوں نے پوسٹ آفس جوہرآباد کے معائنہ کے دوران وہاں پر پودا لگا کر وزیراعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شجر کاری مہم میں عملی حصہ لیا۔ بعد ازاں اُنھوں نے جوہرآباد کے شہریوں کی شکایات سنیں اور اُن کے ازالہ کیلئے ہدایات جاری کیں۔ شہریوں نے پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب سے مطالبہ کیا کہ جوہرآباد میں ڈیڑھ سال قبل بند کئے جانیوالے شبانہ پوسٹ آفس کو فی الفور بحال کیا جائے اور اسے ڈاکخانہ جوہرآباد کی بجائے سٹی ایریا میں قائم کیا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ محکمہ ڈاکخانہ جات ڈاک کی بروقت ترسیل کیساتھ ساتھ پنشنروں کو پنشنوں کی ادائیگی ، یوٹیلٹی بلز کی وصولی سمیت دیگر تمام سہولیات مہیا کر رہا ہے اور انشاء اﷲ احساس پروگرام اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بھی سروسز کا جلد اجراء کر دیا جائے گا۔ اُنھوں نے ڈاکخانہ جوہرآباد میں تعینات ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی شہریوں کو پوسٹل سروسز کی فراہمی کیلئے اپنی بہترین خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں