ماسکو ( عکس آ ن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر موسی ابو مرزوق نے کہاہے کہ فلسطین اس وقت مشکل دور سے گذر رہا ہے۔ امریکا اور اسرائیل کے ملی بھگت سے فلسطینی قوم کا محاصرہ کیا جا رہا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کا مالی اور سیاسی محاصرہ کر کے فلسطینی قوم کی مشکلات میں اضافہ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے ابو مرزوق نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حماس ملک وقوم کے مفاد کے لیے کام کر رہی ہے مگر ہم صہیونی دشمن کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی پر مالیاتی دبائو، فلسطینیوں کو دی جانے والی امداد بند کرنے، عرب ممالک کی طرف سے فلسطینی اتھارٹی کو قرض کی ادائی سے انکار اور ماضی میں فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں سے انحراف جیسے واقعات نے فلسطینی اتھارٹی کو ایک بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کا کوئی بچہ بھی صہیونی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ موجودہ مشکل حالات کو سامنے رکھتے ہوئے حماس اور تحریک فتح نے مل کر آگے بڑھنے اور موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا عزم کیا ہے۔