پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی کا قومی سطح پر آن لائن ہم نصابی مقابلے اور مفت کورسز کرانے کا اعلان

لاہور(عکس آن لائن)پنجاب یونیورسٹی قومی سطح پر موجودہ صورتحال میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے آن لائن ہم نصابی مقابلے، مفت کورسزاور دیگر اقدامات کرے گی۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں گھروں میں عوام میں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا کرونا کے خلاف جنگ میں اہم کردار کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا شعبہ امور طلباء ہم نصابی سرگرمیوں کے مختلف آن لائن مقابلے منعقد کرائے گا جس میں پاکستان بھر سے عوام شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ امور طلباء کے زیر اہتمام قرات، نعت، مضمون نویسی، انگریزی و اردو تقریری مقابلے، ملی نغمے، بیت بازی وغیرہ کے آن لائن مقابلے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پاکستانی عوام کو گھروں میں کیلیگرافی، پینٹنگ اور دیگر فنون لطیفہ سکھانے کے لئے مفت آن لائن کورسز کا انعقاد کرے گا علاوہ ازیں پینٹنگ، کیلیگرافی اور دیگر کیٹگریز میں مقابلوں کے لئے ملک بھر سے اینٹریز وصول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس کے زیر اہتمام بچوں، نوجوانوں اور سینئر سٹیزنز کے لئے آن لائن گیمنگ کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کے خاتمے اور گھر کا ماحول بہتر بنانے کے لئے سماجی پیغامات اور خاکے پیش کرنے کا بھی سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ لاک ڈاون کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کا فروغ نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کی ذہنی و جسمانی صحت کا خیال رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں