ایئر چیف مجاہد انور

پاک فضائیہ ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار، جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے،ایئر چیف مجاہد انور

اسلام آباد(عکس آن لائن)ایئر چیف مجاہد انور نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں سرپرائز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے، پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، معاشی مسائل کی وجہ سے ٹیکنالوجی کے حصول میں مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں طویل بھارتی کرفیو کو ختم کیا جائے، بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے 27فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارت کی نام نہاد بالاکوٹ سٹرائیک کے جواب میں اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دیا تھا۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30اور میراج 2000بھجوائے گئے، جن میں سے 2طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے، بھارتی مگ 21طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30 طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔

بھارت نے اس شکست کو چھپانے کیلئے پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا، جو وہ آج بھی ثابت نہیں کرسکا، جبکہ امریکہ حکام بھی اس دعوے کی نفی کرچکے ہیں۔آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے ابھی نندن کے طیارے کے چاروں میزائل اور ایجکٹ سیٹ دنیا کے سامنے پیش کر دیئے ہیں، طیارے کے میزائل آر 73آرچر اور آر 77ایڈر کے دو میزائل مکمل اور درست حالت میں جبکہ 2 میزائل طیارہ جلنے کے باعث جزوی حالت میں ملے۔میزائل ماہرین بھی ان میزائلز کا تجزیہ کر کے ثابت کرچکے ہیں کہ مگ 21 کے چاروں میزائل میں سے کوئی بھی فائر نہیں ہوسکا، ماہرین کی اس رپورٹ کی روشنی میں ابھی نندن کا پاکستانی طیارہ گرانے کا دعوی جھوٹ ثابت ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں