وقار یونس

پاک بھارت مقابلے عالمی کرکٹ کیلئے ناگزیر ہیں ،وقار یونس

لاہور(عکس آن لائن) وقاریونس نے پاک بھارت مقابلوں کو عالمی کرکٹ کیلیے ناگزیر قرار دے دیا۔ پاک بھارت مقابلے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنتے ہیں، اگر دونوں ملکوں کے شائقین سے پوچھا جائے تو ان میں سے 95 فیصد کہیں گے کہ روایتی حریفوں کو باہمی میچز کھیلنا چاہیئں، میں بھی یہی سمجھتا ہوں کہ دونوں ٹیموں کو نہ صرف آپس میں کھیلنے بلکہ تسلسل کے ساتھ مقابلے شیڈول کرتے رہنے کی ضرورت ہے، شائقین کو جاندار مقابلوں سے محروم رکھنا درست نہیں ہوگا۔

سوشل میڈیا ٹیم کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچز عالمی کرکٹ کے لیے بھی ناگزیر ہیں، یقین ہے کہ اگر ابھی نہیں تو اگلے چند سال میں باہمی کرکٹ بحال ہوگی، وقار یونس نے کہا کہ عوام روایتی حریفوں کو کسی نیوٹرل مقام پر نہیں بلکہ اپنے ملکوں میں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، باہمی مقابلے جب بھی ہوں پاکستان یا بھارت میں ہونا چاہیئں،

اس سے پرجوش شائقین کو اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا، اسے عمران، کپیل سیریز یا آزادی سیریز کوئی بھی نام دیں، یہ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی کرکٹ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں