ٹرافی کی رونمائی

پاک بنگلہ دیش سیریز ،ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی،دونوں کپتانوں کی شرکت

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان اور بنگلادیش میں ٹی 20سیریز کیلئے قذافی سٹیڈیم میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کر دیگئی، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب میں شرکت کی۔قومی ٹیم کے کپتان کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں مہمان کھلاڑیوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے، سری لنکا کے خلاف ہار کا کوئی پریشر نہیں ہے۔

آئی لینڈرز کی طرح غلطیاں نہیں دہرائیں گے بلکہ بنگلا دیش کے خلاف بہترین رزلٹ دینے کی کوشش کریں گے۔کپتان نے کہا کہ ہوم گراونڈ پر قیادت اعزاز کی بات ہے، بیٹنگ ہمارا اصل ہتھیار ہوگا ہمارے پاس نمبر 1 سے 9تک بہترین بیٹسمین موجود ہیں، بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ یا بولنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کروں گا۔میرے خیال میں اس وکٹ پر 180سے 190اچھا اسکور ہوگا۔بابر اعظم نے کہا کہ بنگلا دیشی کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیل کر آئے ہیں، مقابلہ خوب ہو گا۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف ہماری تیاریاں بہترین ہیں، چار پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں، بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ وکٹ سلو لگ رہی ہے، سیریز کے میچوں کے دوران بھی پچ سلو ہوگی۔ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں ان کی موجودگی میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی میری خواہش پر ہوئی، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو تینوں میچوں میں موقع دیں گے، احسان علی اور حارث رف کو ڈیبیو کرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے، کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھنا چاہیئے، کوشش کریں گے کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ہماری بیٹنگ زیادہ مضبوط ہے، سینئر کھلاڑیوں کو پورا موقع دیا جائے گا، پاکستان لیگ میں بہت کچھ سامنے آئے گا، ٹی ٹونٹی میں جتنا زیادہ سکور ہو بالرز کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز کو مشورہ دیتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ مشفیق الرحیم کے لیے پیغام ہے کہ اگر یہ کھلاڑی آئے ہیں تو انہیں بھی آنا چاہیے تھا لیکن نہ آنے کا فیصلہ ان کا ذاتی ہے۔بنگلادیشی کپتان محمود اللہ نے کہا کہ ہم پاکستان میں اچھی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے، پاکستان ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم ہے لیکن ریٹنگ سے فرق نہیں پڑتا، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے کئی نئے کھلاڑی منظر عام پر آئے، تمیم اقبال، مستفیض الرحمان سمیت دیگر کھلاڑی موجود ہیں، سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو رہی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی تحفظات نہیں، پاکستان میں کرکٹ کا بہترین ماحول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں