ظہیرعباس

پاک انگلینڈ سیریز کے پچاس فیصد امکانات موجود ہیں،ظہیرعباس

کراچی (عکس آن لائن)سابق قومی کپتان ظہیرعباس کا خیال ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ سیریز کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے پچاس فیصد امکانات موجود ہیں اور پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کیلئے جولائی میں انگلینڈ روانہ ہو جائے گی۔

ایک سوال پر ایشین بریڈمین کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال جلد بہتر ہو جاتی ہے اور حکومت سمجھتی ہے کہ معاملات کنٹرول میں ہیں جس کے تحت سفر کرنا محفوظ ہوگا تو پھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے امکانات ختم نہیں ہوئے ہیں۔ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے آغاز کیلئے معمولات زندگی کا بحال ہونا بھی ضروری ہے اور امید ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اس کی شروعات پاکستان اور انگلینڈ سیریز سے ہو گی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس کی شدت میں کمی آتی رہی اور حالات نارمل ہونے لگے تو پھر ایونٹس کے انعقاد میں دیر نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اگر لوگوں کو گرانڈ میں آنے کی اجازت نہیں بھی دی جاتی تو وہ کم از کم ٹی وی پر میچز دیکھ سکتے ہیں جس سے انہیں کچھ تو تفریح ملے گی جس کی انہیں لاک ڈان کے دوران ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈز کو کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے جس سے بچنے کیلئے کہیں سے تو آغاز کرنا ہوگا۔

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ اگرچہ شائقین کے بغیر میچوں کی روایتی دلکشی متاثر ہوگی لیکن کھیل کی بحالی اور مالی نقصان سے بچاو کیلئے خالی میدانوں میں کرکٹ بھی گھاٹے کا سودا ہرگز نہیں ہے اور انہیں توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران جس طرح بھی ممکن ہو کھیل کی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں