عابد شیر علی

پاکستان کو میاں نواز شریف کی ضرورت ہے، چوہدری عابد شیر علی

مکوآنہ (عکس آن لائن)سابق وزیرمملکت و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن تاجروں اور عو ام کی حمایت سے اقتدار میں آکر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

اگر مالک نے موقع دیا تو پاکستان کو پھر اسی رفتار سے آگے لے کر جائیں گے اور اس کے عوام کی تمام پریشانیاں دور کردیں گے۔وہ آج مہر چوک میں انجمن تاجران ناظم آباد فیصل آباد کے نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کی ناقص کاکردگی کی وجہ سے پاکستان آج پھر لوڈ شیڈنگ کی طرف بڑھ رہاہے اور بجلی کے اندھیرے ہمارے اوپر چھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام بخوبی جانتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے سابق دور میں بدترین لوڈ شیڈنگ پر قابو پاکر ملک کو اندھیرے سے نکال کر روشنی ہمکنار کیا تھا۔اب اگر لوگوں نے مسلم لیگ ن کو 2024کے انتخابات میں موقع دیا تو ہم ایک بار پھر پاکستان کو نواز شریف کی قیادت میں بحرانوں سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور عوام ایک بات اپنی ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کوچوتھی بار پاکستان کا وزیر اعظم بنائیں گے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ یہ ووٹ اور الیکشن پاکستان کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔

اگر ہم نے ووٹ کا غلط استعمال کیا تو پاکستان خدانخواستہ کسی حادثے سے دوچار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا حال دیکھیں لیں۔ کوئی طاقتور مسلم ملک ان کی مدد نہیں کررہا۔ صرف بیانات کی حد تک ان کی مظلومیت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا پر روزانہ دیکھ رہے ہیں کہ ہزاروں ماؤں کی گود اجڑ چکی ہے، ہزاروں بچے یتیم ہوچکے ہیں اورہزاروں خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔ تمام مسلم ممالک ان کا تماشا دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی بساط پاکستان کیلئے بھی بچھائی جارہی ہے۔ پاکستان کو اخلاقی اور معاشی طور پر تباہ کیا گیا۔ آج پاکستان چند ڈالرز کیلئے بھیک مانگتا پھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2017میں پاکستان اور انڈیا کی کرنسی برابر تھی۔مگر آج پاکستان کہاں اور انڈیا کہاں پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب عوام کو یہ فیصلہ ووٹ کی طاقت سے کرنا ہوگا اور دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔

اس کے تمام صوبے اور تمام لوگ ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تاجروں کی حمایت یافتہ جماعت ہے اور وہ اقتدار میں آکر تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں