نگران وزیر اطلاعات

پاکستان ٹیلی ویژن پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے، نگران وزیر اطلاعات

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں پی ٹی وی کا اہم کردار ہے، پی ٹی وی پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے پی ٹی وی کا کردار ناقابل فراموش ہوگا۔

وہ منگل کو یہاں پی ٹی وی نیوز کرنٹ افیئرز اور سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات ظہور احمد اور پی ٹی وی کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز عون ساہی بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو پی ٹی وی نیوز اور کرنٹ افیئرز پروگراموں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن ملک میں میڈیا کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور انتخابات میں پی ٹی وی کا قومی کردار اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے پی ٹی وی کا کردار ناقابل فراموش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی حالات حاضرہ کے پروگراموں میں شرکت سے پی ٹی وی کی اعتباریت میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر پی ٹی وی ٹیم نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران خبروں کی کوریج اور سکوپ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، پی ٹی وی کی جانب سے بلیٹنز کی تعداد میں اضافے سے ناظرین کو تازہ ترین حالات سے آگاہی میں مدد ملی ہے، خبروں میں آن کیمرہ رپورٹنگ اور سماجی مسائل سے متعلق رپورٹس کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے، خبروں کے شعبے میں نہ صرف مقداری لحاظ سے تبدیلی آئی ہے بلکہ نیشنل نیوز بیورو اسلام آباد اور دیگر سینٹرز سے پیش کش کا انداز بھی بدلا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں