زمبابوے

پاکستان نے پہلے میچ میں زمبابوے کو 26رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی (عکس آن لائن) پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ،پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے 282 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں زمبابوے کی ٹیم 255 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،ا

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے تو عابد علی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 19 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور افتخار احمد بھی بالترتیب 14 اور 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ حارث سہیل نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔بابر اعظم پہلی بار ون ڈے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے پہلے میچ میں شرکت نہیں کرسکے۔

فہیم اشرف اور عماد وسیم کی جانب سے آخری اوورز میں برق رفتار اننگز کھیلی گئی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23 اور 34 رنز جوڑے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی،زمبابوے نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کھیل پیش کیا تاہم آخری چند اوورز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکا۔زمبابوے کی جانب سے کریک اروائن 41، برینڈن ٹیلر 112 اور ویسلی مادھیویرے نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کو تین میچز میں سیریز میں 0ـ1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں