بھارتی الزام مسترد

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی سے متعلق بھارتی الزام مسترد کردیا

اسلام ا ٓ باد (عکس آن لائن ) ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی سے متعلق بھارتی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین فورسز اپنی ناکامیاں پاکستان کے سر نہ تھوپیں، بھارتی افواج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں،نام نہاد در اندازی اور لانچ پیڈ جیسے مضحکہ خیز بہانوں سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ واقعات تلخ حقائق کی عکاسی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے انجام کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو پوری دنیا میں اجاگر کر رہا ہے۔ کورونا وبا کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام 9 ماہ سے غیر قانونی بھارتی محاصرے میں ہیں۔

پرتشدد واقعات ایل او سی سے کوسوں دور بھارتی فوج کی بغل میں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ رواں برس بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 6 بے گناہ شہری شہید جبکہ 69 شدید زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں