وزیراعظم آفس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے

پاکستان دنیا کی مختلف تہذیبوں کا مرکز اور بین المذاہب ہم آہنگی کےلئے پرعزم ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آ با د (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کےلئے پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کی مختلف تہذیبوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ مت جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدھ مت، ہندومت اور سکھ مذہب کے مقدس مقامات پاکستان میں موجود ہیں جن کی ہر ممکن طریقہ سے حفاظت کی جارہی ہے۔

پاکستان کو بدھ مت کے ورثے پر بھی فخر ہے اور پاکستان حکومت عام سیاحت کےساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ کےلئے بھی بھرپور عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے بدھ مت وفد کا پاکستان کے حالیہ دورہ سے تمام مذاہب کے مابین امن ، ہم آہنگی اور مفاہمت کےلئے اشتراک و تعاون کا قابل قدر پیغام ملا ہے۔

پاکستان کو امید ہے کہ جوگے آرڈر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی ثقافتی اور مذہبی روابط کو مزید اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا جس سے بدھ گندھارا تہذہب میں لوگوں کی دلچسپی بڑھے گی اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ روابط کو فروغ ملے گا۔ جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ نے بدھ ورثہ کے تحفظ کےلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کےلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار پر شکرگزار ہیں۔ انہوں نے جمہوریہ کوریا میں بدھ ورثے کے فروغ کےلئے حکومت پاکستان کےساتھ ملکر کام کرنےکی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے بدھ زائرین کو پاکستان آنے کی بھی ترغیب دینگے۔ جمہوریہ کوریا میں بدھ مذہب کے سب سے بڑے فرقہ کے وفد کا صدر جوگے آرڈر کی قیادت میں پاکستان کے دورہ سے مذہبی سیاحت اور مختلف مذاہب کے مابین ثقافتی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔

یہ اعلی سطحی بدھ وفد پاکستان کے مختلف مقامات پر بدھ مت کے مقدس مقامات اور ان کی زیارت کےلئے آنیوالے غیر ملکی وفد کی سیکورٹی کے بارے میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ لے گا جبکہ پاکستان میں بدھ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحالی کےلئے پاکستان حکام سے بھی بات چیت کرے گا، بدھ مت کے اس اعلی سطحی وفد کی پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کےلئے ممتاز اسلامی سکالرز کے ساتھ خصوصی نشست بھی منعقد کی جائےگی۔ بدھ مت کے اس اعلی سطحی وفد کے پاکستان کے دورہ کا اہتمام سیول میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے کوریا کی وزارت ثقافتی ورثہ اور پاکستان میں کوریا کے سفارتخانے کے تعاون سے کیا ہے۔

یہ وفد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع صوابی کے شہر چھوٹا لاہور کا بھی دورہ کریگا جہاں یہ وفد بدھ راہب مونک مرانتھا کے نام سے سکول کے قیام کے بارے میں بات چیت کرےگا۔ بدھ مت کے قائدین کے اس دورے کا مقصد پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کےلئے کوریا اور پاکستان کے مابین موجودہ ثقافتی تعلقات کو نئی جہت دینا بھی ہے جبکہ یہ دورہ کوریا اور دنیا کے دیگر ممالک کے بدھ مت یاتریوں کی پاکستان آمد کے دروازے بھی کھول دیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں