محمد صادق سنجرانی

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بہتر تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں، صادق سنجرانی

اسلام آباد(نمائندہ عکس)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کینیڈا پاکستان کے لیے انتہائی اہم مارکیٹ ہے اور حکومت پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات بہتر بنانے کے لئے کوشش کرنے والے تاجروں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بہتر تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں لہذا تاجر برادری کو اس سلسلے میں اپنی پوری کوشش کرنی چاہیے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یہ بات پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی صدر بشریٰ رحمان اور یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر پاکستان چیپٹر کے صدر محمد احمد سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر یو ایس پی آئی سی سی اور پی ڈبلیو سی ٹی اے کے سیکرٹری جنرل ملک سہیل حسین اور قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی چیئرمین سینیٹر ذیشان خانزادہ بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے لیے مختلف خیالات پر تبادلہ خیال کیا اور کینیڈا میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے پر خصوصی زور دیا۔

انہوں نے مئی 2023 میں وینکوور میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کے فیصلے کو سراہا جس میں پاکستان سے 200 سے زائد تاجر شرکت کریں گے جبکہ خواتین کو خصوصی رعایت بھی ملے گی۔صادق سنجرانی نے کہا کہ ایسی تقریبات سے نہ صرف برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ مغربی دنیا میں ملک کا امیج بھی بہتر ہوگا۔اس موقع پر بشریٰ رحمان نے بتایا کہ اس نمائش میں پاکستانی مصنوعات جیسے ٹیکسٹائل، چاول، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، جوتے اور آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی جس میں شمالی امریکہ متعددبزنس مین بھی شرکت کریں گے۔اس موقع پر یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر پاکستان چیپٹر کے صدر محمد احمد نے کہا کہ ہمیں اہم ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے اور پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔محمد احمد نے کہا کہ USPICC کینیڈا اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے PWCTA کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور اس کے اراکین وینکوور میں ہونے والی سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کریں گے۔سیکرٹری جنرل یو ایس پی آئی سی سی اور پی ڈبلیو سی ٹی اے ملک سہیل حسین نے کہا کہ کینیڈا میںپانچ لاکھ پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ نہ صرف کینیڈا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی بھیج رہے ہیں۔ملک سہیل تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اور تمام فریقین کو تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں