وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، وزیراعظم

انقرہ (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اس و قت بھی پاکستان چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں کررہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں ترکی کے تجربات سے استفادہ چاہتا ہے اور ترکی کے ساتھ تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ تجارت اور عوامی روابط بڑھانے کے مواقع بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہرمشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، امید ہے کہ دونوں ممالک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملکر کام کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترک سرمایہ کاروں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ترک تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔

اس سے قبل اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترک کمپنیوں کے ساتھ پاکستان میں برے رویئے پرمعذرت کرتا ہوں، پاکستان اور ترکی کی دوستی لازوال ہے، جب وزیراعلی پنجاب تھا ترک کمپنیوں کے ساتھ شفاف طریقے سے معاہدے کیے گئے تھے۔ کسی سیاسی بلیم گیم میں نہیں پڑنا چاہتا، گارنٹی دیتا ہوں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ہرممکن سہولیات دیں گے، ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان میں خیرمقدم کریں گے، ترک سرمایہ کاروں کا ریڈ کارپٹ استقبال کریں گے، ترک سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں، ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں