نعمان لنگڑیال

پاکستان آزمائی ہوئی اورمسترد شدہ جماعتوں کی خواہشات کے مطابق نہیں چلایاجا سکتا’نعمان لنگڑیال

لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان احمدلنگڑیال نے کہا ہے کہ لوٹ مارایسوسی ایشن میں خلیج وسیع ہو گئی ہے اورقوی امکان ہے کہ آنے والے دنوںمیں پی ڈی ایم والے ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھولیں گے،پاکستان کوکئی دہائیوں تک آزمائی ہوئی اورعام انتخابات میں مسترد شدہ جماعتوں کی خواہشات کے مطابق نہیں چلایا جا سکتا ،کیا مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی چھوڑ کر گئی تھی جو آج ناروال کے ارسطو کی جانب سے معیشت کی ابتری کا واویلا کیا جارہا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے قومی اداروں میں اصلاحات کی بجائے ان میں سیاسی مداخلت کو عروج پر پہنچایا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج یہ ادارے اپنا بوجھ بھی نہیں اٹھا سکتے اور سالانہ اربوں روپے کا نقصان کر رہے ہیں بلکہ بعض ادارے بلیک ہولز کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔ ملک میں کرپشن کے بیج کی آبیاری کے ذریعے اپنی سیاست کو تو تقویت دی گئی جبکہ ملک کی جڑیں کھوکھلی کی گئیں ۔

انہوںنے کہا کہ سابقہ نام نہاد تجربہ حکمران تحریک انصاف کی حکومت کیلئے پہاڑ جتنے قرضے اور مسائل کا انبار چھوڑ کر گئے اوراب عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے مگر مچھ کے آنسوبہائے جارہے ہیں۔ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بیل منڈھے چڑھنے سے پہلے ہی مرجھا چکی ہے ، مولانافضل الرحمان ،مریم صفدر اوربلاول زرداری جو مرضی کر لیں ان کے ہاتھ میں اقتدارکی لکیر نہیں ہے اور یہ ایسے ہی شہر شہر کی خاک چھانیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں